سریش رائنا اپنی زندگی کی نئی اننگز کھیلنے کیلئے تیار

بھارتی کرکٹ سٹار جلد شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ ان کی شریک حیات پریانکا چودھری کا انتخاب ان کی والدہ نے کیا ہے۔

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹر سریش رائنا اپنی زندگی کی نئی اننگز شروع کرنے کے لئے تیار ہیں۔ وہ جمعہ کو دہلی کے لیلا پیلس میں منعقدہ تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ سریش نے بتایا کہ ان کی شریک حیات پریانکا چودھری کا انتخاب ان کی والدہ نے کیا ہے۔ ”سب سے اچھی چیز یہ ہے کہ یہ میچ میری والدہ نے فکس کیا”۔ اتر پردیش کے شہر میرٹھ سے تعلق رکھنے والے سریش رائنا نے کہا کہ میں نے اپنی شادی کی تقریب کے لیے دہلی کا انتخاب کیا ہے کیونکہ یہاں میرے بہت دوست ہیں۔ ویرات کوہلی، شیکھر دھون، ایشانت شرما اور میری یو پی کی ٹیم کے بہت سارے کھلاڑی ہیں جو سب آ رہے ہیں۔ اس موقع پر بائیں ہاتھ کے بلے باز نے انکشاف کیا کہ شادی کی تقریب میں صرف دوستوں اور رشتے داروں کو بلایا گیا لیکن اس موقع پر پوری ہندوستانی ٹیم بھی تقریب میں شریک ہو گی۔ رائنا نے بتایا کہ ان کی شریک حیات پریانکا ان کی بچپن کی دوست ہیں لیکن وہ ایک دوسرے سے ملتے جلتے نہیں تھے۔ 2008ء میں میں ایئرپورٹ پر ان سے پانچ منٹ کی ملاقات ہوئی تھی جہاں وہ ہالینڈ سے واپس آ رہی تھیں اور میں آئی پی ایل میچ کے لئے بنگلور جا رہا تھا۔ اس سے پہلے میں اسے بچپن میں ملا تھا۔ پریانکا کے والد غازی آباد میں میرے سپورٹس ٹیچر تھے اور میری والدہ ان کی والدہ سے بہت قریب ہیں۔ –

تبصرے بند ہیں.