Latest National, International, Sports & Business News

سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلیے کاروباری لاگت کم کی جائے ، بی او آئی

سرمایہ کاری بورڈ نے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس کی شرح کم کرکے پرچون فروش تاجروں (ریٹیلرز) پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس (ویٹ)کی طرز پر سیلز ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دیدی ہے۔ دستیاب دستاویز کے مطابق سرمایہ کاری بورڈ کی طرف سے ایگزیکٹو کمیٹی کو سرمایہ کاری بورڈ کی ری ویمپنگ، سرمایہ کاری کے فروغ اور فسیلیٹیشن کے حوالے سے تجاویز مرتب کرنے کی درخواست کی گئی تھی جس پر سرمایہ کاری بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی نے 3 اہم تجاویز دی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ دوسرے ممالک کی نسبت پاکستان میں کاروباری لاگت زیادہ ہے جسے کم کرنے کی ضرورت ہے، ملک میں کاروباری لاگت کم کرنے کے لیے انکم ٹیکس کی شرح میں کمی لائی جائے تاکہ دیگر ترقی پذیر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں کاروباری لاگت کم ہوسکے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔دستاویز کے مطابق ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان میں ٹیکس سے چھوٹ کے لیے کم ازکم سرمایہ کاری کا تھریش ہولڈ مقرر کیا جائے اور تھریش ہولڈ سے زائد سرمایہ کاری کو ایک مخصوص عرصے کے لیے ٹیکسوں سے چھوٹ دی جائے جس سے ملک میں سرمایہ کاری آئے گی۔ ایگزیکٹو کمیٹی نے تیسری تجویز میں کہاکہ ملک میں سیلز ٹیکس کی شرح کو کم کیا جائے اور ریٹیلرز پر ویٹ کی طرز پر سیلز ٹیکس عائد کیا جائے۔ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ ایگزیکٹو کمیٹی کی تجاویز چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) طارق باجوہ کو بھجوا دی گئی ہیں اوردرخواست کی گئی ہے کہ ان تجاویز کے بارے میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو اپنے ریمارکس دے تاکہ آئندہ کی حکمت عملی وضع کی جاسکے۔

تبصرے بند ہیں.