سانحہ صفورا چورنگی، ملک بھر میں یوم سوگ ، کراچی میں تعلیمی ادارے بند

کراچی ()سانحہ صفورا چورنگی پر کراچی سمیت ملک بھر میں یوم سوگ ، روشنیوں کے شہر کراچی میں تجارتی مراکز بیشتر تعلیمی ادارے بند اور امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ، سڑکوں پر بھی ہو کا عالم ہے ، ٹریفک انتہائی کم ہے۔

امن کے دشمنوں نے شہر قائد کے باسیوں کو پھر سوگوار کر دیا ، سانحہ صفورا چورنگی میں بے گناہ چوالیس افراد کے قتل عام پر ہر دل اداس اور ہر آنکھ نم ہے ، ہر طرف ویرانی کا عالم ہے ۔ سندھ حکومت اور ایم کیو ایم سمیت دیگر تنظیموں کی کال پر شہر بھر میں سانحہ صفورا چورنگی کا سوگ منایا جا رہا ہے ، سرکاری عمارتوں پر پرچم سرنگوں ہیں ، سڑکوں پر ہو کا عالم ہے اور ٹریفک انتہائی کم ہے ۔ بیشتر تعلیمی ادارے بند ہیں جبکہ انٹر امتحانات جامعہ کراچی اور جامعہ اردو کے تحت تمام پرچے ملتوی کر دیئے گئے ۔ تاجر اتحاد کی کال پر شہر کے بیشتر کاروباری مراکز اور دکانیں بند ہیں ۔ وکلا برادری بھی سانحے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں ، سندھ ہائی کورٹ بار ، کراچی بار اور ملیر بار میں ہڑتال ہے ، شہر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ شاہراہ فیصل پر فوج کے جوان تعینات ہیں –

تبصرے بند ہیں.