زیادہ ففٹی پلس رنز ؛ حفیظ پاکستانی اوپنرز میں چوتھے نمبر پر آگئے

شارجہ: محمد حفیظ سب سے زیادہ ففٹی پلس رنز بنانے والے پاکستانی اوپنرز کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آگئے، انھوں نے شارجہ میں 20 ویں بار یہ سنگ میل عبور کرتے ہوئے حنیف محمد کو پیچھے چھوڑ دیا،شعیب ملک کسی سیریز میں ڈبل سنچری اور دیگر اننگز میں مجموعی طور پر 50رنز بھی اسکور نہ کرنے والے تیسرے بیٹسمین بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق شارجہ ٹیسٹ میں محمد حفیظ 97پر ناقابل شکست رہ کر سب سے زیادہ ففٹی پلس اسکور بنانے والے پاکستانی اوپنرز کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آگئے، انھوں نے شارجہ میں 20 ویں بار یہ سنگ میل عبور کرتے ہوئے حنیف محمد کو پیچھے چھوڑ دیا، اس سے قبل سعید انور36،مدثر نذر24 اور توفیق عمر21 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں، محمد حفیظ نے بطور اوپنر40.80کی اوسط سے 3186رنز بنائے، اس میں 8سنچریاں اور 12ففٹیز شامل ہیں۔

شعیب ملک کسی سیریز میں ڈبل سنچری جبکہ دیگر اننگز میں مجموعی طور پر 50رنز بھی نہ بنانے والے تیسرے بیٹسمین بن گئے۔انھوں نے ابوظبی میں 245کی اننگز کھیلنے کے بعد سیریز کی دیگر 5اننگز میں صرف 47رنز بنائے ہیں،اس سے قبل انگلینڈ کیخلاف ہی پروٹیز بیٹسمین گیری  کرسٹن نے 210رنز بنائے جبکہ دیگر 7اننگز میں 47 رنز اسکور کر سکے تھے، انگلش بل ایڈریچ نے جنوبی افریقہ کیخلاف  5اننگز میںصرف 21 رنز اسکور کیے، آخری باری میں ڈبل سنچری جڑ دی۔

تبصرے بند ہیں.