انگلینڈ کودوسری اننگزمیں مشکلات کا سامنا رہے گا ؛ حنیف محمد

کراچی: سابق ٹیسٹ کپتان حنیف محمد نے کہا ہے کہ تیسرا ٹیسٹ انتہائی دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا، بظاہرکھیل میں پاکستان کو سبقت حاصل ہوگئی،  چوتھا دن دونوں ٹیموں کے لیے اہم ہوگا، پاکستانی بولرز نے اپنا کردار ادا کیا،اب بیٹسمینوں خاص طور پرکپتان مصباح الحق کو ذمہ داری  نبھانا ہوگی، انگلینڈ کو دوسری اننگزمیں مشکلات کا سامنا رہے گا۔

حنیف محمد نے کہا کہ تیسرا دن پاکستان کے حق میں رہا، ہمارے بولرز خاص طور پر شعیب ملک اور یاسر شاہ نے انگلینڈکو پہلی اننگز میں زیادہ رنز نہ بنانے دیے، بعدازاں دوسری اننگز میں اوپنرز نے101 رنز کی شراکت سے ٹیم کو میچ میں واپس لانے میں اہم کردار ادا کیا، انھوں نے کہا کہ سنچری کی جانب گامزن محمد حفیظ نے ایک مرتبہ پھر بہترین صلاحیتوں کا اظہار کیا۔

اب دیگر بیٹسمینوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا توپاکستان بہتر اسکورکرکے انگلینڈکودباؤ میں لاسکتا ہے، انھوں نے کہاکہ اگر ٹیم نے250 رنز کی سبقت حاصل کرلی توکامیابی کے امکانات بڑھ جائیں گے، میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کی کوشش کرنے والے انگلینڈ کو دوسری اننگزمیں ہماری بولنگ سے خطرہ رہے گا، ایک سوال پر حنیف محمد نے کہا کہ ایل بی ڈبلیو ہونے والے یونس خان نے اپنی غلطی سے وکٹ کھوئی اور پھر غلط فہمی کے باعث ریویو بھی گنوا دیا۔

تبصرے بند ہیں.