زائدالمیعاد اور باسی گوشت پر نئی تاریخ کا لیبل لگانے والی کمپنی بند

کراچی……چین میں باسی گوشت بیچنے پر جس کمپنی پر پابندی لگائی گئی، اسی کمپنی نے پچھلے ماہ میکڈونلڈز پاکستان کو گوشت فراہم کیا، تو کیا پاکستانی عوام نے میکڈونلڈ کے برگرز، ڈرم سٹکس اور دیگر اشیا میں باسی اور زائد المعیاد گوشت کھایا؟ یہ گوشت حلال بھی تھا یا نہیں؟ چین میں ایک کمپنی ہے جس کا نام ہے حوسی فوڈ۔ چین نے اس کمپنی کو اس لیے بند کر دیا کہ یہ کمپنی زائدالمیعاد اور باسی چکن اور بیف پر نئے لیبل لگا کر فروخت کر رہی تھی،لیکن پاکستانی عوام کے لیے یہ خبر حیرت انگیز ہوگی کہ یہ کمپنی پاکستان میں میکڈونلڈز کو بھی گوشت فروخت کرتی رہی ہے۔ دواؤں اور کھانے پینے کی مصنوعات پر ایکسپائری ڈیٹ لگانے کا مقصد یہ بتانا ہوتا ہے کہ ایک خاص تاریخ کے بعد یہ دوا یا خوراک باسی اور نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔ میکڈونلڈز کے لیے یہ گوشت جیم کارپوریشن اور سیزا فوڈ پرائیوٹ لمیٹڈ نے حوسی فوڈ سے خریدا اور پھر میکڈونلڈز کو فراہم کیا۔ اس بات کی تصدیق پاکستان کسٹمز کے ریکارڈ سے بھی ہو گئی ہے۔ میکڈونلڈز کے لیے جو مصنوعات درآمد کی گئیں ان میں میک نگٹس اور میک کرسپی برگر پیٹی بھی شامل ہیں۔ پاکستان کسٹمز کے ریکارڈ سے معلوم ہوا ہے کہ میکڈونلڈز نے پابندی کی شکار چینی کمپنی سے مئی میں 41ٹن اور جون میں 71ٹن چکن مصنوعات درآمد کیں۔ مکڈونلڈز پاکستان کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ جمیل مغل نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ میکڈونلڈز کے لیے گوشت چینی کمپنی حوسی سے منگواتے ہیں۔ مگر ساتھ یہ بھی کہا کہ یہ گوشت حوسی کی بیجنگ والی فیکٹری سے آتا ہے جبکہ چین نے حوسی کی شنگھائی والی فیکٹری بند کی ہے، لیکن جب جائزہ لیا گیا تو معلوم ہوا کہ حوسی کی فیکٹری بیجنگ میں تو موجود ہی نہیں ہے۔ تو پھر میکڈونلڈز نے گوشت کہاں سے خریدا؟ البتہ کمپنی کی ویب سائٹ پر شنگھائی کی حوسی کمپنی کا ذکر ضرور موجود ہے جسے بین کیا گیا ہے۔ میکڈونلڈز کے حکام کی جانب سے چینی کمپنی سے گوشت خریدنے کی تصدیق کے بعد یہ سوال بھی پیدا ہوتا ہے کہ یہ گوشت حلال بھی ہوتا ہے یا نہیں؟میکڈونلڈز کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ کے مطابق ان کی مصنوعات سو فی صد حلال ہوتی ہیں، لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ چینی کمپنی میں کون سا مفتی یا کون سا عالمِ دین بیٹھ کر یہ دیکھتا ہے کہ مرغی اسلامی طریقے سے حلال کی گئی تھی یا نہیں؟چین میں ریکارڈ کی گئی ایک ٹی وی فوٹیج میں صاف دیکھا گیا کہ چینی کمپنی کے ملازمین حفظانِ صحت کے اصولوں کو بھی ملحوظِ خاطر نہیں رکھ رہے۔ دوسری جانب پاکستان میں وفاقی یا صوبائی سطح پر درآمدی گوشت کو چیک کرنے کا کوئی نظام نہیں ہے۔ چینی کمپنی کا اسکینڈل سامنے آنے کے بعد میکڈونلڈز نے چین میں چکن، بیف اور سور سے بنی ہوئی مصنوعات کی فروخت روک دی تھیں، لیکن پاکستان میں ایسا کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.