ریو اولمپکس؛ روس کیلیے فیصلے کی گھڑی قریب آگئی

لاس اینجلس: ریو اولمپکس میں شرکت کے حوالے سے روس کیلیے فیصلے کی گھڑی آ گئی، جمعے کو آئی اے اے ایف کے اجلاس میں ڈوپنگ پر روس کی پابندی کے معاملے پر غور ہو گا.

ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی نے کہا ہے کہ اس سال ہونے والے سیکڑوں ڈرگ ٹیسٹ میں روسی ایتھلیٹس ناکام ثابت ہوئے، ڈرگ ٹیسٹ کرنے والوں کو مسلح سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ڈرایا دھمکایا جاتا رہا،ایتھلیٹس بھی ان سے بچنے کیلیے نئی نئی تکنیک اپناتے تھے۔

انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ایتھلیٹکس فیڈیشن کی ویانا میں شیڈول میٹنگ سے قبل یہ رپورٹ سامنے آئی، اجلاس میں فیصلہ ہونا ہے کہ ریو اولمپکس میں روسی ایتھلیٹس کو شرکت کی اجازت دی جائے یا نہیں، واڈا کی جانب سے تازہ انکشافات نے نئے سوالات کو جنم دیدیا، روس نے اولمپکس سے پہلے اپنے کھیلوں کے کلچر پر ڈرگز کے حوالے سے لگنے والے تمام الزامات کو صاف کرنے کا عندیہ دیا تھا، حالیہ رپورٹ کے مطابق15فروری سے29مئی تک 736سے زیادہ ٹیسٹ لیے گئے جو مختلف وجوہات کی بنا پر ناکام قرار پائے یا انھیں منسوخ کیا گیا، رپورٹس کے مطابق ایتھلیٹس کو فوجی شہروں میں رکھا گیا کیونکہ وہاں تک ڈرگ ٹیسٹ کرنے والوں کو پہنچنے میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.