ریاض؛ ترکی صدر کی سعودی فرماں روا شاہ سلمان سے ملاقات

ریاض……. ترکی کے صدر طیب اردوان نے سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی ہے۔اس سے پہلے مصر ی صدر بھی ان سے مل چکے ہیں۔طیب اردوان اور شاہ سلمان کے درمیان یہ ملاقات سعودی دارالحکومت ریاض میں ہوئی۔ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے شام میں سرگرم حکومت مخالف مسلح گروہوں کی حمایت جاری رکھنے اور اس کا دائرہ کار بڑھانے پر اتفاق کیا ۔ اس سے قبل اتوار کے روز مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے بھی سعودی فرماں رواں سے ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور یمن اور خطے کی بدلتی ہوئی صورت حال اور مشرق وسطیٰ کو درپیش خطرات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر اعظم نواز شریف بھی رواں ہفتے سعودی عرب کے دو روزہ دورے پر پہنچ رہے ہیں ، انہیں اس دورے کی دعوت شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دی ہے ۔غیر ملکی خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب خطے میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورت حال کے پیش نظر سنی اتحاد قائم کرنے کی کوشش کررہا ہے ، اور یہ تمام ملاقاتیں اسی کوشش کا حصہ ہے ، اسے قبل گزشتہ ماہ قطر، کویت، اردن اور متحدہ عرب امارات کے سربراہ مملکت بھی سعودی عرب کا دورہ کرچکے ہیں۔ادھر امریکی محکمہ خارجہ نے ایسے کسی بھی اتحاد سے لاعملی کا اظہار کیاہے۔

تبصرے بند ہیں.