لاہور: روپے کےمقابلے میں ڈالر کی پیش قدمی جاری ہے اور امریکی کرنسی 208 روپے سے تجاوز کر گئی جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک بار پھر زبردست تیزی کی واپسی ہوئی ہے۔انٹر بینک میں ڈالر تاریخی بلندی پر پہنچ گیا، امریکی کرنسی 208 کی سطح بھی عبور کر گئی، انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 58 پیسے اضافہ ہوا ہے جس کے بعد 208 روپے 25 پیسے پر فروخت ہو رہا ہے۔دوسری جانب کرنسی ڈیلرز کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات کو ترتیب دینے کی فوری ضرورت ہے، اس وقت ملک کی جو معاشی صورتحال ہے یہ سٹے بازوں کے لئے انتہائی سود مند ہے، افواہیں گردش کررہی تھیں جس کا بھرپور فائدہ اٹھایا گیا۔پچھلےہفتےجن افواہوں کو سٹے بازوں نے اپنے حق میں استعمال کیا اس میں ایک افواہ یہ تھی کہ ملک میں فنانشل ایمرجنسی لگائی جارہی ہے جس کے تحت ڈالر اکاؤنٹ، روشن ڈیجٹل اکاؤنٹس اور سیف لاکرز منجمد کئے جارہے ہیں۔ان افواہوں کی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور سٹیٹ بینک نے تردید بھی کی لیکن جب تک سٹے باز ان افواہوں کو استعمال کرچکے تھے۔
تبصرے بند ہیں.