روٹ پر حملہ، وارنر ٹرافی اور ایشز وارم اپ میچز تک معطل

لندن: نوجوان انگلش کرکٹر جوئے روٹ سے الجھنے والے آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کو چیمپئنز ٹرافی کے باقی میچز اور ایشز سے قبل سمرسٹ اور ووسٹرشائر کیخلاف وارم اپ میچز تک معطل کردیا گیا تاہم وہ 10 جولائی سے ٹرینٹ برج میں شروع ہونیوالے پہلے ایشز ٹیسٹ کیلیے دستیاب ہونگے۔ اس کے علاوہ آسٹریلوی کرکٹر پر اس واقعے کی پاداش میں 7 ہزار پاؤنڈ جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے، وارنر کیخلاف ڈسپلنری سماعت بذریعہ ٹیلی کانفرنس کرکٹ آسٹریلیا کے سینئر کوڈ آف بہیویر( برتاؤ) کمشنر جسٹس گورڈن لیوس نے کی۔جس میں انھوں نے اوپنر کو اس واقعے پر اپنے ضابطہ اخلاق کے قواعد نمبر6 کی خلاف ورزی کا مرتکب گردانا، جو پلیئرز کے رویہ سے متعلق ہے، ڈیوڈ وارنر ایک ماہ کے دوران دوسری مرتبہ جرمانے کا شکار ہوئے تاہم انھیں وطن واپس بلانے سے گریز کیا گیا ہے۔ اس سے قبل وہ ٹوئٹر پر دو مقامی صحافیوں سے آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل پر تنقیدی مضمون پر الجھ پڑے تھے، اس معاملے پر بھی وارنر پر 5750 آسٹریلوی ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا تھا جس کے بعد وارنر نے وطن واپسی پر مذکورہ صحافیوں سے جاکر معذرت بھی کی تھی، اگرچہ کرکٹ آسٹریلیا نے سماعت کی دیگر تفصیلات میڈیا کو ظاہر نہیں کیں اورنہ ہی وارنر کے ردعمل پرکچھ بتایا ہے۔

تبصرے بند ہیں.