روزیٹا چھ ارب کلومیٹر سفر کر کے دمدار ستارے کے مدار میں پہنچ گیا

خلائی جہاز روزیٹا کو یورپی خلائی ایجنسی نے 10 برس قبل خلا میں بھیجا تھا اور اب یہ خلائی جہاز چھ ارب کلومیٹر کا طویل سفر کر کے ایک دمدار ستارے کے مدار میں پہنچ گیا ہے۔

برلن (ویب ڈیسک) جرمن میڈیا کے مطابق یہ خلائی جہاز گیراسائی مینکو چوریوموف نامی دم دار ستارے کے مدار میں داخل ہوا ہے۔ سائنس کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ ایک خلائی جہاز ہمارے نظام شمسی میں موجود ایک ایسے دمدار ستارے کے مدار میں پہنچ گیا ہے جس کی سطح پر جمی برف اور اس خلائی جسم کے پیچھے حرکت کرتا مواد نہ صرف اس دمدار ستارے بلکہ تخلیق کائنات سے متعلق اہم معلومات کے حصول کا موجب بن سکتا ہے۔ روزیٹا کو مارچ 2004 میں اس مشن کے لیے روانہ کیا گیا تھا۔ یہ خلائی جہاز اس دمدار ستارے کے گرد مدار میں گردش کرتے ہوئے 100 کلومیٹر کی دوری سے اس کی سطح اور اس میں موجود گیسوں کے بارے میں معلومات جمع کرے گا۔ اس کے بعد رواں برس نومبر میں اس جہاز کے ساتھ منسلک فِلائے نامی ایک پروب اس دمدار ستارے کے مرکزے میں موجود برفانی سطح پر اترے گا۔ یہ پروب دمدار ستارے کی سطح سے سیمپلز حاصل کر کے مختلف انسٹرومنٹس کے ذریعے ان کا تجزیہ کرے گا اور اس کے نتائج زمینی سٹیشن کو روانہ کرے گا۔

تبصرے بند ہیں.