چودھری برادران،الطاف حسین کی محاصرے کی مذمت،زرداری کا طاہرالقادری سے رابطہ

لاہور()مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویزالہٰی کا طاہر القادری کو ٹیلی فون ، محاصرے کی مذمت کی، سابق صدر آصف زرداری نے بھی فون پر ڈاکٹر طاہر القادری سے سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، الطاف حسین نے کہا کہ لگتا ہے حکومت نے سانحہ ماڈل ٹائون سے سبق نہیں سیکھا۔

چوہدری شجاعت حسین نے طاہر القادری سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے اظہار یکجہتی کی اور کہا کہ حکمرانوں کی جعلی جمہوریت سے پردہ اٹھ رہا ہے یہ سب کچھ حکومتی بوکھلاہٹ ہے۔حکومت جو مرضی کر لے منہاج القرآن کے باہر ہر قسم کی رکاوٹیں لگا دیں لیکن یوم شہدا بھی ہوگا اور انقلاب مارچ بھی، حکومت حکومتی اقدامات ریت کی دیوار ثابت ہونگے ۔چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ مولانا طاہر القادری کے خلاف مقدمہ درج کر کے حکومت کی اصلیت سامنے آ چکی ہے یہ حکومت اب چند دنوں کی مہمان ہے ۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے ڈاکٹر طاہرالقادری سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ، ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ آصف زرداری نے طاہر القادری کو پندرہ منٹ کے وقفے سے دو بار فون کیا ، دونوں رہنماؤں میں سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی ۔ طاہر القادری نے سابق صدر کو یوم شہدا اور انقلاب مارچ کی تفصیلات سے آگاہ کیا ، اس موقع پر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ سابق حکومت میں کسی بھی سیاسی کارکن کے خلاف مقدمہ درج ہوا اور نہ ہی کسی کو گرفتار کیا گیا، یہی جمہوریت کا حسن ہے ۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے لاہور میں پولیس کی جانب سے ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائش گاہ کے محاصرے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لگتا ہے حکومت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن سے کوئی سبق نہیں سیکھا۔ ایک بیان میں الطاف حسین کا کہنا ہے کہ ایک بار پھر پولیس اور انتظامیہ کی طاقت کا بے دریغ استعمال کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری کی رہائش گاہ اور منہاج القرآن سیکریٹریٹ کا محاصرہ کیا جا رہا ہے جو تشویشناک ہے۔

تبصرے بند ہیں.