ذات برادری پر بننے والی فلموں سے گریز کیا جائے: زیبا بیگم

ماضی کی معروف اداکارہ زیبا بیگم نے کہا ہے کہ بطور چیئرپرسن پنجاب فلم سنسر بورڈ تعیناتی پر مبارکباد کیساتھ نیک تمنائوں کے پیغام مل رہے ہیں، میں اپنے عہدے کا چارج عیدالاضحیٰ کے بعد سنبھالوں گی۔ ان خیالات کااظہار زیبا بیگم نے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ میرا فلم انڈسٹری سے گہرا تعلق ہے اور میں اس کا حصہ ہوں، آئندہ ذات برادری پر بننے والی فلموں سے گریزکیا جائے، میں اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد فلم سے وابستہ شخصیات سے ملاقات کرونگی اور ہم لوگ ملکر فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے کردار ادا کرینگے، حکومت کی جانب سے مجھے ایک اہم ذمے داری سونپی گئی ہے جس کو بڑی ایمانداری کیساتھ پورا کرنے کی کوشش کرونگی۔انھوں نے کہا کہ میرے چارج سنبھالنے سے پہلے جن فلموں کی تشہیری مہم چلائی گئی ہے ان کیساتھ کچھ نرمی برتی جائے گی مگر اس کے بعد ہم سنسر پالیسی پر پورا اترنیوالی فلموں کو ہی نمائش کے لیے سنسر سرٹیفیکٹ جاری کرینگے، لوگ اچھی اور معیاری فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں اسلیے معیاری فلمیں ہی فلم انڈسٹری کی بحالی اور سینما گھروں کو آباد کرنے میں اہم کردار ادا کرینگی۔

تبصرے بند ہیں.