دھرنوں سے آئی ایم ایف کی قسط رک گئی : اسحاق ڈار

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کہتے ہیں کہ دھرنے کے باعث آئی ایم ایف کی قسط رک گئی ہے اور پاکستان نے دیامر بھاشا ڈیم کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک سے مالی معاونت بھی طلب کر لی۔ 

اسلام آباد () ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر ٹاکی ہیکوناکاؤ نے اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی اور پاکستان کی اقتصادی صورتحال سمیت ایشیائی بینک کے تعاون سے جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور ہماری محصولات میں 16.44 فیصد اضافہ ہوا ہے بجٹ خسارہ کم ہو کر 5.7 فیصد پر آگیا ہے غیر ملکی ترسیلات زر میں 13.7 فیصد اضافہ ہوا ہے ، سماجی شعبے کے بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے اور اس کا بجٹ چالیس ارب سے بڑھا کر 118 ارب روپے کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام پر کوئی کٹوتی نہیں کی گئی۔ غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر میں 2.4 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے تاہم حالیہ سیاسی بحران کی وجہ سے کچھ مالی مشکلات کا سامنا ہے اور معیشت بوجھ کا شکار ہے۔ دھرنوں کی وجہ سے سکوک ، او جی ڈی سی ایل کے حصص کی نجکاری اور آئی ایم ایف کی اگلی قسط جیسے معاملات زیر التوا ہیں تاہم امید ہے کہ سیاسی بحران خوش اسلوبی سے حل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ انتخابی اصلاحات ہمارے منشور کا حصہ ہیں اور اس حوالے سے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دیامر ، بھاشا ڈیم کے لئے ہمیں ایشیائی ترقیاتی بینک کی امداد کی ضرورت ہے کیونکہ توانائی کا بحران حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ ورلڈ بینک 8 اکتوبر کو واشنگٹن میں بزنس کانفرنس منعقد کرے گا جس میں ہم دیا مر ، بھاشا ڈیم کا معاملہ اٹھائیں گے۔ اس موقع پر این ڈی ایم اے کے چیئرمین میجر جنرل سعید علیم نے اے ڈی بی کے صدر کو حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ ٹاکی ہیکو ناکاؤ نے پنجاب میں سیلاب پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ –

تبصرے بند ہیں.