’’دوسرا‘‘ گیند، ایمبری نے سعید کے ایکشن کو مشکوک قرار دیدیا

لندن: انگلینڈ کے سابق اسپنر جان ایمبری نے ’’دوسرا‘‘ گیند کرتے ہوئے سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کو مشکوک قرار دیدیا۔ ان کا کہنا ہے کہ جدید دور کے زیادہ تراسپنرز کی یہ مخصوص ڈلیوری غیرقانونی ہے۔ ایمبری کے مطابق 2 مرتبہ پاک سرزمین کا دورہ کیا، ابھی تک خوشگوار یادیں تازہ ہیں، درہ آدم خیل کی سیر کو کبھی نہیں بھلاسکتا، ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کیلیے 64 ٹیسٹ میں 174 وکٹیں لینے والے جان ایمبری کو دوسرا ڈلیوری پر شدید تحفظات ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میں نے اس طرح کی گیند ثقلین مشتاق کو کرتے دیکھا جو مکمل طور پر قانون کی حدود میں بولنگ کرتے تھے، مگر موجودہ دور کے زیادہ تر اسپنرز کی یہ گیند غیرقانونی ہے، سعید اجمل کے بارے میں انھوں نے کہا کہ اس کی بولنگ کافی بہترین اور وہ ایک شاندار آف اسپنر ہے لیکن دوسرا ڈلیوری کے وقت بولنگ ایکشن پر مجھے شک ہے۔آئی سی سی کی جانب سے 15 ڈگری کی قانون میں تبدیلی کے سوال پر اس کا گیند پر کافی کنٹرول بھی ہے، ایمبری نے کہا کہ اب یہ بہت مشکل ہے کیونکہ یہ تبدیلی مرلی دھرن کی وجہ سے لائی گئی تھی جنھوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 800 وکٹیں لیں، اب اس میں کیسے اچانک پھر سے تبدیلی کی جاسکتی ہے۔ انھوں نے ایک سوال پر کہا کہ میں نے 1987 میں انگلش ٹیم کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کیا، اس سے قبل ورلڈ کپ کے سلسلے میں بھی ہم یہاں آئے، میں نے 1995 میں اے ٹیم کے ہمراہ ٹور کیا اور ہر بار کافی لطف اندوز ہوا، مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ ہم نے پشاور میں ایک میچ کھیلا تھا جو افغان بارڈر کے قریب ہے، ہمیں درہ آدم خیل لے جایا گیا جہاں گلیوں میں چھوٹی دکانوں پر اسلحہ تیار ہورہا تھا، وہاں کے لوگ کافی دلچسپ اور مہمان نواز ہیں، اب بھی میرا وہاں جانے کو دل کرتا مگر یہ ممکن نہیں کیونکہ سیکیورٹی سمیت کئی مسائل راہ میں حائل ہو چکے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.