زمباوے کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔ ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستانی شاہین نئے عزم اور حوصلے کے ساتھ میدان میں اتریں گے لیکن پہلا ون ڈے ہارنے کے باعث کھلاڑی دباؤ کا بھی شکار ہوں گے اور کمزور حریف کے خلاف ایک اور غفلت تاریخی بدنامی کا باعث بن جائے گی۔ دوسرے ون ڈے میں پاکستانی ٹیم میں حارث سہیل ی جگہ اسپنر عبد الرحمان کو شامل کیا گیا ہے جبکہ زمبابوے کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ پہلے میچ میں ناکامی کے بعد کپتان مصباح الحق نے اعتراف کیا تھا کہ ان سے پچ کا اندازہ لگانے میں غلطی ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کوئی ٹیم کمزور نہیں ہوتی، ہم نے پہلے میچ میں مضبوط دستہ اتارا لیکن پھر بھی ہار گئے تاہم اگلے میچ میں غلطیاں ٹھیک کرنے اور کمزوریوں پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔ دوسری جانب پہلا ون ڈے جیتنے کے بعد زمبابوین ٹیم یہ میچ جیتنے کے لئے بھی پرعزم اور آج کا میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے پر نگاہیں مرکوز کئے ہوئے ہے۔ زمبابوین کپتان برینڈن ٹیلر کا کہنا ہے کہ ہم نے اس سیریز کے لئے کافی محنت کی ہے، پہلے میچ میں کامیابی کے بعد ہم سہل پسندی کا مظاہر نہیں کرسکتے، ہمیں مزید فتوحات کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ پہلے ون ڈے میں زمبابوے نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر 15 سال بعد پاکستان کے خلاف کوئی میچ جیت کر سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کرلی تھی۔
تبصرے بند ہیں.