دورۂ ویسٹ انڈیز، پاکستان اپنے ہتھیاروں کی جانچ آج کرے گا

جارج ٹاؤن: ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے سیریز سے قبل پاکستان اپنے ہتھیاروں کی جانچ جمعرات کو کرے گا۔ سطح سمندر سے بھی نیچے دنیا کے واحد کرکٹ گراؤنڈ بورڈا پر گیانا سے وارم اپ میچ میں دو دو ہاتھ ہوں گے، البتہ گرین شرٹس کی تیاریوں کا موقع بارش سے متاثر ہوسکتا ہے، میزبان گیانا الیون میں ٹیسٹ کرکٹرز بھی شامل ہیں، قبل ازیں طویل سفر کے بعد پاکستانی ٹیم گیانا پہنچ گی، آرام کرنے کے بعد پلیئرز نے نیٹ پریکٹس بھی کی، میزبان سے پہلا ون ڈے انٹرنیشنل اتوارکو ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی میں شرمناک کارکردگی کا داغ دھونے پاکستانی کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز پہنچ چکی جہاں وہ ٹور کا باقاعدہ آغاز جمعرات کو گیانا بورڈ الیون کے خلاف ون ڈے وارم اپ میچ سے کرے گی، یہ مقابلہ جارج ٹاؤن کلب گراؤنڈ بورڈا میں ہوگا، قدیم ترین کیریبیئن کرکٹ گراؤنڈ پہلے بیس بال کیلیے استعمال ہوتا تھا۔یہ 1930 میں ویسٹ انڈیز کی ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی کامیابی کا نظارہ کرچکا جبکہ اسی وینیو پر 1977 میں میزبان نے اپنا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل پاکستان کے خلاف ہی کھیلا تھا۔ یہ سطح سمندر سے بھی نیچے دنیا کا واحد کرکٹ گراؤنڈ ہے،اسے سیلاب سے بچانے کیلیے اردگرد خندقیں بنائی گئی ہیں۔ ورلڈ کپ 2007 کے موقع پر پروویڈنس میں گیانا نیشنل اسٹیڈیم کی تعمیر کے بعد یہاں پر انٹرنیشنل میچز کا انعقاد ختم ہوگیا، البتہ فرسٹ کلاس مقابلوں کیلیے بدستور استعمال کیا جاتا ہے۔ گذشتہ روز بھی جارج ٹاؤن میں بادل چھائے رہے جس کی وجہ سے میزبان ٹیم کی پریکٹس متاثر ہوئی، پاکستانی ٹیم نے ہلکی پھلکی پریکٹس کی۔، وارم اپ میچ کیلیے گیانا نے مضبوط اسکواڈ تیار کیا جس میں کئی ٹیسٹ کرکٹرز بھی شامل ہیں، قیادت ویراسیمی پرمول کے ہاتھوں میں ہوگی،انھیں رام نریش سروان، ٹریون گرفتھ، اسد فدادین، نرسنگھے ڈیونرائن اور دیوندرا بشو جیسے پلیئرز کا ساتھ حاصل ہے۔ پاکستان کی جانب سے بھی اس مقابلے میں انٹرنیشنل میچز کی ممکنہ الیون کو ہی میدان میں اتارا جائے گا، یہ ٹور کپتان مصباح الحق اور کوچ ڈیو واٹمور دونوں کے لیے ہی کافی اہمیت کا حامل جبکہ ٹیم میں واپس آنے والے پلیئرز کے لیے بھی کسی آزمائش سے کم نہیں ہوگا۔ گیانا کرکٹ بورڈ کے صدر دروبہادر کا کہنا ہے کہ وارم اپ مقابلے کی تمام تیاریاں مکمل صرف بارش کی فکر ہے، وکٹ فلیٹ اور آؤٹ فیلڈ تیز ہوگئی، پانی کی اسٹیڈیم سے فوری نکاسی کیلیے تمام پمپس تیار ہیں۔

تبصرے بند ہیں.