لاہور: دورہ زمبابوے کی تیاری کے سلسلے میں قومی کرکٹرز کا کنڈیشننگ کیمپ منگل سے نیشنل اکیڈمی لاہور میں شروع ہوگا۔ ابتدائی مرحلے میں ٹوئنٹی 20 اور ون ڈے ٹیموں میں شامل کھلاڑیوں پر توجہ مرکوز ہوگی،صرف ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بننے والے اسپیشلسٹ پلیئرز 23 اگست کو ٹریننگ کا آغاز کرینگے،کمزور حریف کے خلاف بھی کوچ ڈیو واٹمور کو کارکردگی میں عدم تسلسل کی فکر لاحق ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق دورہ زمبابوے کی تیاری کیلیے کنڈیشننگ کیمپ کا حصہ بننے والے کئی قومی کرکٹرز نے پیر کی شب نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کردی، شاہد آفریدی اور اسد شفیق کراچی میں منگل کو پاکستان اسٹارز الیون اور کسٹمز الیون کے مابین نمائشی میچ کھیلنے کے بعد تاخیر سے آئیں گے،کیریبیئن لیگ میں شریک ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان مصباح الحق، ٹوئنٹی 20 قائد محمد حفیظ، عمر اکمل اور احمد شہزاد ویسٹ انڈیز سے براہ راست زمبابوے میں قومی ٹیم کو جوائن کریں گے۔این سی اے میں ٹریننگ کا باقاعدہ آغاز منگل کو ہوگا۔ کھلاڑیوں کو صبح اور شام کے سیشنز میں فزیکل فٹنس کے ساتھ فیلڈنگ، بولنگ اوربیٹنگ پریکٹس کرائی جائے گی۔قومی اسکواڈ 19 اگست کو زمبابوے روانہ ہوگا۔ دریں اثنا کوچ ڈیو واٹمور کوکمزور ٹیم کے خلاف سیریز میں بھی کارکردگی میں عدم تسلسل کی فکر ہے، ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ کئی درجے کم رینکنگ کی حامل زمبابوے جیسی ٹیم کے مقابل بہتر پرفارم کرنا ضروری ہے۔ نئے کھلاڑیوں کو موقع دینا اچھی بات ہے لیکن ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس کے پیش نظر ایسے حریف کے خلاف کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھنا بھی بہت اہم ہوجاتا ہے، نوجوان کرکٹرز کو گروم کرنے کیلیے ون ڈے کرکٹ زیادہ بہتر ہو گی، انھوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں ناقص پر فارمنس کے بعد پاکستان ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں اچھا کم بیک کیا، پوری توجہ کھلاڑیوں کو ایک یونٹ میں ڈھالنے پر مرکوز ہے، اسی صورت میں ہم مستقبل میں بہتر نتائج کی توقع کر سکتے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.