Latest National, International, Sports & Business News

دورۂ بھارت پی سی بی کیلیے گھاٹے کا سودا ثابت ہوا

پاکستان کرکٹ ٹیم کا دورؤ بھارت پی سی بی کیلیے سراسر گھاٹے کا سودا ثابت ہوا، زبانی جمع خرچ تک محدود سپر لیگ بھی بھاری نقصان کا سبب بنی، مجموعی طور پر 70 کروڑ روپے کی کمائی سے ہاتھ دھونا پڑے۔ بھارتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گورننگ بورڈ کے اجلاس میں اخراجات اور آمدن کے حوالے سے بات چیت میں ارکان کے سامنے یہ مسئلہ بھی پیش کیا گیا، پی سی بی کے مطابق گذشتہ سال دسمبر میں قومی کرکٹ کے دورؤ بھارت کی ون ڈے سیریز اور مجوزہ سپر لیگ ٹی 20 ٹورنامنٹ سے 70 کروڑ روپے کی کمائی متوقع تھی لیکن دونوں ایونٹس سے ایک پائی بھی ہاتھ نہ آ سکی۔یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے دونوں ممالک کے درمیان 2007 کے بعد کھیلی جانے والی دو طرفہ سیریز کی آمدنی کا حصہ دینے سے انکار کردیا تھا۔ذرائع کے مطابق گورننگ بورڈ کے اجلاس میں ارکان کو بتایا گیا کہ پی ایس ایل کے منصوبے کی تیاریوں پر بھاری رقم خرچ ہوئی، اس مقصد کیلیے خصوصی سیکرٹریٹ قائم کیا گیا، ہارون لورگارٹ کو بطور مشیر فیس اور منیجنگ ڈائریکٹر سلمان بٹ سمیت ملازمین کو تنخواہ کی ادائیگی بھی خزانے پر بوجھ ثابت ہوئی لیکن بعد ازاں ایونٹ منسوخ کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اس صورتحال میں پی سی بی کے اخراجات میں کمی کی تجاویز پیش کی گئی ہیں، امتیازی سلوک روا رکھتے ہوئے کرکٹرز کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ کی منظوری تو دیدی گئی لیکن بورڈ ملازمین کو یکسر محروم رکھا گیا۔ مزید برآں معلوم ہوا ہے کہ بورڈ یو اے ای میں جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف سیریز کی آمدنی سے خسارے پر قابو پانے کیلیے پُر امید ہے، ذرائع کے مطابق ٹائٹل اور گراؤنڈ رائٹس 13 لاکھ امریکی ڈالر میں فروخت کیے جاچکے، ابھی نشریاتی حقوق کے معاملات بھی طے پانے ہیں، بنگلہ دیش میں ایشیا کپ اور ورلڈ ٹوئنٹی 20 ایونٹ کے بعد آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ 2015 کی آمدن بھی مالی آسودگی کا ذریعہ بنے گی۔

تبصرے بند ہیں.