دورہ انگلینڈ؛ ٹیم اور کوچ بحالی وقار کی مشترکہ جنگ لڑیں گے

ساؤتھمپٹن: انگلینڈ میں پاکستانی ٹیم اور مکی آرتھر بحالی وقار کی مشترکہ جنگ لڑیں گے، گرین کیپس کو انگلش سرزمین پر فکسنگ کا داغ دھونے کا چیلنج درپیش ہے، ہیڈ کوچ اپنی ساکھ پر لگے تنازعات کے دھبے صاف کرنے کے خواہاں ہیں

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کو 6 برس قبل انگلینڈ میں اسپاٹ فکسنگ کا داغ سہنا پڑا اور اب وہ پھر اسی سرزمین پر موجود ہے،کوچنگ مکی آرتھر کے ہاتھوں میں ہے جنھیں تین برس قبل آسٹریلوی پلیئرز کے ساتھ تنازع میں الجھنے کی وجہ سے فارغ کردیا گیا تھا۔ اس طرح ٹیم اور کوچ دونوں ہی انگلش سرزمین پر حریف ٹیم کو زیر کرنے کے ساتھ اپنے وقار کی بحالی کیلیے بھی مشترکہ جنگ لڑیں گے۔ میڈیا سے بات چیت میں مکی آرتھر نے کہا کہ پاکستانی ٹیم 2010 سے اچھا پرفارم کررہی ہے مگر اب ہم اس سرزمین پر ہیں جہاں فکسنگ کیس شروع ہوا، ہمیں اچھی کرکٹ کھیل کر اور فیلڈ میں اچھے رویے سے یہ ثابت کرنا ہے کہ انٹرنیشنل سطح پر اہم قوت ہوسکتے ہیں، ہمارے لیے یہاں پر نہ صرف آن بلکہ آف دی فیلڈ اچھا پرفارم کرنے کا اچھا موقع ہے۔

تبصرے بند ہیں.