خیبر: سکیورٹی فورسز کی کارروائی، مطلوب دہشتگردکمانڈر ہلاک، فوجی جوان شہید

سکیورٹی فورسز کا ضلع خیبر میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن، شدید فائرنگ کے تبادلے میں اہم دہشتگرد کمانڈر لیاقت علی عرف شاہین ہلاک جبکہ سپاہی سلیم خان وطن پر قربان ہوگیا، علاقے میں مزید دہشتگردوں کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبر ضلع کے علاقے شکاس میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، آپریشن کے دوران دہشتگردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں اہم دہشتگرد کمانڈر لیاقت علی عرف شاہین ہلاک ہوگیا، ہلاک دہشتگرد لاپتہ افراد کی فہرست میں بھی شامل تھا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ہلاک دہشتگرد سے بھاری مقدار میں اسلحہ گولہ بارود بارآمد کیا گیا ہے، دہشتگرد سکیورٹی فورسز پر حملوں ، ٹاگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث تھا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سپاہی سلیم خان وطن پر قربان ہوگیا، 28 سالہ سپاہی سلیم خان کا تعلق صوابی کے علاقے ٹوپی سے تھا، علاقے میں مزید دہشتگردوں کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ پاک فوج نے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کا عزم کر رکھا ہے، جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

تبصرے بند ہیں.