خیبرپختونخوا میں موبائل کورٹ آج سے کام کا آغاز کریگی

پشاور: پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی اور منفرد موبائل کورٹس آج سے خیبرپختونخوا میں اپنے کام کا آغازکردیگی جس کے تحت عوام کو گھرکی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلیے مختلف علاقوں میں عدالتیں لگائی جائینگی۔ انصاف کی فراہمی کے اس منصوبے کے تحت سائلین کو نہ صرف ان کی دہلیز پر بلامعاوضہ انصاف فراہم کیا جائیگا بلکہ ان کی قانونی مشاورت کیلیے وکلاکی خدمات بھی بلامعاوضہ فراہم کی جائینگی۔پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس دوست محمد خان آج (ہفتہ کو) تاریخی موبائل کورٹس کا پشاور ہائیکورٹ میں افتتاح کریں گے ۔ جدید ترین سہولتوں سے آراستہ ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کی لاگت سے پہلی موبائل کورٹ بس تیار کرلی گئی ہے۔یو این ڈی پی کے اشتراک سے شروع کیے جانیوالے اس عوامی فلاح کے منصوبے کا آغاز ابتدائی طور پر پشاور سے کیا جارہا ہے اور بعدا زاں خیبر پختونخوا کے دیگر اضلاع میں بھی موبائل کورٹس کا آغاز کیا جائیگا ۔ واضح رہے کہ پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس دوست محمد خان کی ہدایات پر ایک ایسی خصوصی بس تیارکی گئی ہے جس میں عدالت میں موجود تمام تر سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔

تبصرے بند ہیں.