راولپنڈی ( سماء رپورٹر )سابق وزیر اعظم ومسلم لیگ(ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جو حکومت چینی کو قابو نہیں کرسکے وہ کورونا کو بھی کنٹرول نہیں کرسکتی۔
راولپنڈی میں مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چینی کی قیمت 90روپے کلو ہے اور اس کے ذمے دار وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ہیں 20 مہینے سے چینی کی قیمت بڑھتی رہی اور آج بھی بڑھ رہی ہے لیکن کسی نے پوچھا تک نہیں رپورٹ میں ذمے داروں کو نہیں بلایا گیا بلکہ اصل کرداروں سے توجہ ہٹائی گئی تو اس رپورٹ کا کوئی مقصد نہیں۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ حکومت ہی معصوموں کی ہے، یہاں تو کوئی چور نہیں ہے صرف 200 ارب روپے کا ڈاکا ڈال کر آرام سے بیٹھے ہوئے ہیں اور کمیشن پر کمیشن بنارہے ہیں جو نالائق اور نااہل افسروں پر مشتمل ہے جو یہ معلوم نہیں کرسکے کہ برآمد کا فیصلہ صحیح تھا یا غلط۔رہنما مسلم لیگ(ن) نے کہا کہ کمیشن کے افسران یہ معلوم نہیں کرسکے کہ یہ فیصلے کرنے والے لوگ کون تھے کورونا جیسے مسئلے پر حکومت ہی کارروائی کرتی ہے اپوزیشن صرف بات ہی کرسکتی ہے لیکن حکومت اس میں ناکام ہوچکی ہے جو حکومت چینی کو قابو نہ کرسکے وہ کورونا کو قابو کیسے کرسکتی۔
تبصرے بند ہیں.