حکومت نے عوام پر ایک بارپھرپٹرول بم گرادیا‘قیمتوں میں بڑااضافہ

اسلام آباد:وفاقی وزیر  خزانہ مفتاح اسماعیل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا جس کے بعد پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ رات 12 بجے سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق ہوجائے گا۔انہوں نے بتایا کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں24.03 روپے اضافہ کیا جارہا ہے جبکہ ڈیزل پر59.16 روپے، لائٹ ڈیزل آئل پر 39.16روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 39.49روپے فی لیٹر اضافہ کیا جارہا ہے۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت233.89، ڈیزل263.31، مٹی کا تیل211.43‘ لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت207.47 روپے ہوگئی۔وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتیں 120 ڈالر فی بیرل ہیں، ہم اس وقت پیٹرول کی قیمت میں24 روپے فی لیٹر نقصان کررہے ہیں، عمران خان نے آئی ایم ایف سے معاہدے کی خلاف ورزی کی، عمران خان نے جو معاہدے کیے ان کی وجہ سے ہمار ے ہاتھ جکڑےہوئے ہیں۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عمران خان نے جان بوجھ کر پیٹرول کی قیمتیں کم کیں، عالمی مارکیٹ میں تیل، گندم اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس اضافے کے  بعد حکومت کو اب اس مد میں کوئی نقصان نہیں ہو گا۔

تبصرے بند ہیں.