حکومت سازی کیلئے سیاستدانوں میں جوڑ توڑ جاری

اسلام آباد: حکومت سازی کیلئے جوڑ توڑ جاری ہے، مرکز میں ن لیگ نے سادہ اکثریت حاصل کرلی، خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کے اتحادی آج وزارتیں بانٹیں گے، بلوچستان میں بھی شراکت اقتدار کا فارمولہ طے کرلیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی میں ایک سو چوبیس نشستیں جیتنے والی ن لیگ میں آزاد امیدواروں کی شرکت کے بعد اس کے ارکان کی تعداد ایک سو سینتیس سے بڑھ گئی ہے اور حکومت بنانے کیلئے درکار سادہ اکثریت انہیں حاصل ہوگئی ہے، مزید آزاد ارکان کی بھی ن لیگ میں شمولیت کا امکان ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے مرکز میں اقتدار کا حصہ بننے کیلئے آج اجلاس طلب کر رکھا ہے۔ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف، قومی وطن پارٹی اور آزاد ارکان کا اجلاس آج ہوگا جس میں وزارتیں بانٹی جائیں گی، معاہدے کے مطابق وزارت اعلیٰ اور اسپیکر کا عہدہ تحریک انصاف کو ملے گا، جماعت اسلامی اور قومی وطن پارٹی کو ایک ایک سینیئر وزیر کے ساتھ تین وزارتیں ملیں گی۔ بلوچستان میں سرفراز بگٹی کی شرکت کے بعد ن لیگ کے ارکان کی تعداد گیارہ ہوگئی ہے۔ صوبے میں ن لیگ اور پشتون خوا ملی عوامی پارٹی مل کر حکومت سازی کریں گی، شراکت اقتدار کا فارمولہ طے کرلیا گیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.