حضرت بی بی زینب کے مزار پر حملے کیخلاف ملک بھر میں احتجاج اور مظاہرے

کراچی: شام میں حضرت بی بی زینب رضی اللہ عنہہ کے مزارپر حملے کے خلاف کراچی، لاہور، اسلام آباد اور کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ دمشق میں نواسی رسول ﷺ حضرت بی بی زینب رضی اللہ عنہہ کے مزار پر راکٹ حملوں کے خلاف کراچی میں مجلس وحدت مسلمین کے تحت محفل شاہ خراساں سے سی بریز پلازہ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکا ماتم اور نوحہ خوانی کرتے رہے۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام نے پاکستانی حکومت سے واقعہ کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرنے اوراقوام متحدہ سے مسلمانوں کے مقدس مقامات کو نشانہ بنانے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ شعیہ علما کونسل کی جانب سے بھی حضرت بی بی زینب رضی اللہ عنہہ کے مزار پر حملے کے خلاف کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا، شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مولانا صفدر حسینی، مولانا آصف نقوی اور دیگر نے کہا کہ دمشق میں پیش آنے والے واقعات میں امریکا اور اسرائیلی ہاتھ ملوث ہے۔ مقررین نے کہا کہ اسلام دشمن قوتوں کے ایسے اقدام کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا اور ہر فورم پر اس کے خلاف آواز اٹھائی جائے گی۔ لاہورمیں مجلس وحدت مسلمین نے مال روڈ سے لاہورپریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی، گرمی کے باوجود روزے کی حالت میں بڑی تعدادمیں لوگ ریلی میں شریک ہوئے جن میں خواتین اوربچے بھی شامل تھے، شرکا نے اس سانحے کو دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی قراردیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔ ریلی کے شرکا نے لاہورپریس کلب کے سامنے 3 گھنٹے تک پُرامن دھرنا دیا، دھرنے سے مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں سمیت مختلف مکتبہ فکر کے رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ ریلی کے شرکا نے جہاں نواسی رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے اپنی عقیدت اورمحبت کا اظہارکیا وہیں ان کے مزارپرہوئے حملے کی بھرپورمذمت کی۔

تبصرے بند ہیں.