حصص مارکیٹ میں بینک و سیمنٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری سے مزید 82 پوائنٹس ریکور

کراچی: افراط زرکی شرح میں اضافے، سود کی شرح مستحکم رکھے جانے سے بینکوں کے اچھے سالانہ نتائج کی امیداور سیمنٹ سیکٹر کے پرکشش ششماہی نتائج کی توقعات پربینکنگ وسیمنٹ سیکٹر میں نمایاں خریداری تسلسل کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو بھی تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے 100 انڈیکس کی31900 کی حد بھی بحال ہوگئی لیکن آل شیئرانڈیکس میں49.73 پوائنٹس کی کمی کے سبب حصص کی مالیت میں10 ارب44 کروڑ84 لاکھ52 ہزار742 روپے کی کمی واقع ہوئی البتہ48 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں۔

ماہرین اسٹاک وتاجران کا کہنا تھا کہ منگل کو اگرچہ کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی لیکن عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کے سبب آئل اور فرٹیلائزر اسٹاکس میں فروخت کا رحجان غالب ہونے سے متعلقہ انڈیکس اورحصص کی مالیت میں کمی واقع ہوئی۔ ماہرین کے مطابق حکومتی اقدامات کی بدولت بینکنگ سیکٹر حصص سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش ثابت ہورہا ہے جبکہ سیمنٹ کی فروخت بڑھنے اور نئے ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع ہونے سے سیمنٹ سیکٹرکے حصص بھی سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بن گئے۔

تبصرے بند ہیں.