حصص مارکیٹ مندی سے نکل آئی، 119پوائنٹس کا اضافہ

کراچی: ریجنل مارکیٹس میں نچلی قیمتوں پر حصص کی خریداری بڑھنے سے تیزی اور وفاقی وزیرخزانہ کے بدھ کودورہ کے ایس ای میں کیپٹل مارکیٹ کیلیے ممکنہ مثبت اقدامات کی توقعات پرمخصوص شعبوں میں نچلی قیمتوں پر خریداری بڑھنے کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو ایک بار پھرتیزی رونما ہوئی۔

جس سے انڈیکس کی34000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی، 56 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں26 ارب85 کروڑ73 لاکھ31 ہزار448 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ماہرین اسٹاک کا کہنا ہے کہ کیپٹل مارکیٹ میں اسلامک انڈیکس متعارف ہونے سے بھی مارکیٹ کی کارکردگی میں بہتری اور سرمایہ کاری کا حجم بڑھ سکے گا۔

ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر224 پوائنٹس تک کی تیزی رونما ہونے سے انڈیکس کی34100 پوائنٹس کی حد بھی بحال ہوگئی تھی لیکن اس دوران غیرملکیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں دیگر آرگنائزیشنزاور بروکرز کی جانب سے مجموعی طور پر26 لاکھ29 ہزار516 ڈالر مالیت کے سرمائے کے انخلا سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی ہوئی ۔

تبصرے بند ہیں.