جے وردھنے اور سنگاکارا کی خطرناک جوڑی ایک بار پھرڈٹ گئی

سری لنکا کے دو سابق کپتانوں پر مشتمل جے وردھنے اور سنگا کارا کی جوڑی نے اپنے ملک کے لئے کئی یادگار شراکتیں کی ہیں ، اور پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی ان کے ارادے خطرناک نظر آ رہے ہیں۔

گال (ویب ڈیسک) دونوں بلے باز اب تک 108رنز کی پارٹنر شپ کر چکے ہیں ، اور ابھی ان کے آوٹ ہونے کے کوئی امکانات دکھائی نہیں دیتے ، جب کہ ہمارے باولروں کی جس قدر پٹائی ہو چکی ہے ، لگتا ہے کہ میچ بھلے ہی ڈرا ہو جائے ، لیکن سبقت پاکستان کے بجائے شائد میزبان ٹیم کو حاصل ہو جائے۔ واضح رہے کہ کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے حریف بولروں کے اعصاب جھنجھوڑنے کے لیے ہر وقت تیار رہتے ہیں۔ یہ جوڑی اب ٹوٹنے کو ہے کیونکہ پاکستان کے خلاف اسی سیریز میں کولمبو ٹیسٹ مہیلا جے وردھنے کا الوداعی ٹیسٹ میچ ہوگا ، لیکن لگ رہا ہے کہ اس رفاقت کے ختم ہونے سے قبل یہ دونوں بلے باز پاکستانی بولروں کو سبق سکھانے کے موڈ میں ہیں۔ سنگاکارا نے ٹیسٹ میچوں میں 37 ویں سنچری سکور کی۔ یہ ان کی پاکستان کے خلاف دسویں اور گال میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچوں میں ساتویں سنچری ہے۔ سنگاکارا کی مستقل مزاجی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ وہ آخری 15 ٹیسٹ اننگز میں چار سنچریاں اور سات نصف سنچریاں سکور کر چکے ہیں۔ وہ اس سال ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بھی ہیں۔ مہیلا جے وردھنے جو گال میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں اس میدان سے وہ آٹھویں سنچری بنا کر رخصت ہونا چاہتے ہیں جس کے لیے انھیں مزید 45 رنز درکار ہیں۔ –

تبصرے بند ہیں.