جی 20 ٹیکس چوری کیخلاف کریک ڈاؤن پر متفق

ماسکو: ترقی یافتہ اور ابھرتی معیشتوں کے گروپ 20 نے عالمی معیشت کے لیے گروتھ اور ملازمتوں کے فروغ کو مختصر مدتی ترجیح قرار دینے پر اتفاق کیا ہے۔ ہفتہ کو جی 20 کے وزرائے خزانہ نے کثیرملکی کمپنیوں کی ٹیکس چوری کے خلاف کریک ڈاؤن اور بجٹ خسارے میں کمی کیلیے او ای سی ڈی کے ایکشن پلان کی بھی حمایت کی۔ ماسکو میں اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق رکن ممالک ملازمتوں اور معاشی ترقی کو مختصر مدتی ترجیح دینے پر متفق ہوگئے ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ عالمی اقتصادی بحالی کو مضبوط اور مستحکم کرنے کی ضرورت ہے تاہم عالمی معیشت بہت کمزور اور بحالی غیرمتوازن ہے۔اعلامیے میں امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے معاشی سپورٹ پیکیج کے خاتمے کے اعلان کے حوالے سے کہا گیا کہ ایسے اقدامات احتیاط سے اور ایک دوسرے کو واضح طور پر بتا کر لیے جائیں گے، مستقبل میں بھی زری پالیسی میں ترامیم احتیاط اور مشاورت سے کی جائیں گی۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ مالیاتی منڈیوں کو بکھرنے سے روک کر ضرورت کے مطابق مالی سپورٹ کی فراہمی اور عالمی طلب کو متوازن بنانے کے ساتھ گروتھ کو سپورٹ کرنے کے لیے اقدامات کے ذریعے ملازمتوں کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.