جیت کے لئے مثبت سوچ اور جارحانہ انداز ضروری ہے : معین خان –

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مینجر معین خان نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کی منفی سوچ کی وجہ سے پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست ہوئی تھی اور اب کھلاڑیوں کو واضح پیغام مل چکا ہے کہ وہ مثبت انداز میں کھیلیں۔

کولمبو (ویب ڈیسک) معین خان کا کہنا تھا کہ دنیا کی بڑی سے بڑی ٹیم بھی اگر دباو میں آ جائے تو وہ نہیں جیت سکتی۔ اگر ہم نے کولمبو ٹیسٹ جیتنا ہے تو ہمیں مثبت اور جارحانہ انداز سے کرکٹ کھیلنی ہوگی۔ برطانوی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کولمبو ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کرسکتا ہے ، میں نے اور کوچ وقار یونس نے تمام کھلاڑیوں کو واضح طور پر پیغام دے دیا ہے کہ وہ مثبت انداز میں کھیلیں۔ پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بارے میں کہا کہ ہر شکست مایوس کن ہوتی ہے لیکن یہ مایوسی اس وقت بڑھ جاتی ہے جب آپ کو کھلاڑیوں کا انداز منفی نظر آئے۔ گال ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کے ذہنوں میں جو منفی سوچ تھی وہ میدان میں دکھائی دی اور یہی چیز پاکستانی ٹیم کی شکست کا سبب بنی۔ دوسری اننگز میں پاکستانی بیٹسمینوں نے غیرضروری طور پر دفاعی انداز اختیار کیے رکھا اور جب سری لنکا کو جیت کے لیے ننانوے رنز کا ہدف ملا تو پاکستانی باولرز اسے جارحانہ حکمت عملی کے ذریعے روکنے میں ناکام رہے۔ معین خان کا کہنا تھا کہ کرکٹر کے ذہن میں منفی سوچ اس وقت پیدا ہوتی ہے جب وہ شکست سے خوفزدہ دکھائی دیتا ہے۔ آف اسپنر سعید اجمل کا بولنگ ایکشن رپورٹ ہوجانے کے بارے میں کہا کہ سعید اجمل نے گال ٹیسٹ میں بہت لمبی بولنگ کی اور صرف چند ایسی گیندیں ہیں جن پر امپائرز نے شک و شبہ ظاہر کیا ہے۔ یقین ہے کہ بائیو مکینک لیبارٹری میں ٹیسٹ کے ذریعے کلیئر ہو جائیں گے۔ –

تبصرے بند ہیں.