جونیئر ہاکی کیمپ سے 12 کھلاڑیوں کو فارغ کردیا گیا

پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم منیجمنٹ نے رواں برس بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ کیلیے کھلاڑیوں کی تعداد41 سے کم کر کے 29 کر دی، نصیر بندہ اسٹیڈیم اسلام آباد میں لگنے والے تربیتی کیمپ میں کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے 12کھلاڑیوں کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔ دوسرے مرحلے تک رسائی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں مظہر عباس، امین یوسف، امجد علی، محمد خالد، سید کاشف شاہ، محمد خالد جاوید، محمد علیم بلال، محمد فیصل قادر، زوہیب اشرف، محمد رضوان جونیئر، محمد توثیق، عماد شکیل بٹ، تصور عباس،محمد مشتاق، محمد صہیب،محمد عمیر، محمد عمر بھٹہ،محمد دلبر، علی شان، احمد زبیر، محمد سلمان، محمد عرفان، حافظ رضوان علی، ارسلان قادر، عدنان انور، ایوب علی، رضوان علی، اسد بشیر اور عبدالکریم خان جبکہ ٹیم آفیشلز میں منظور الحسن سینئر(چیف کوچ و ٹیم منیجر)، انجم سعید، دانش کلیم (کوچز)، طاہر زمان(چیف کوچ سینئر ٹیم)، ڈاکٹر مبشر محسن( فزیو) اور سید ابوذر امرائو (وڈیو اینالسٹ) شامل ہیں۔ منتخب کھلاڑیوں کو 18نومبر کو چیف کوچ منظور الحسن سینئر کو رپورٹ کرنے کاکہا گیا ہے۔ یاد رہے کہ مینز جونیئر ہاکی ورلڈ کپ 6 سے 15 دسمبر تک بھارت میں کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ میں دنیا بھر سے 16 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلیے ایکشن میں دکھائی دیں گی جن کو 4مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان، جرمنی، بلجیم اور مصر، گروپ بی میں آسٹریلیا، اسپین، ارجنٹائن اور فرانس، گروپ سی میں ہالینڈ، جنوبی کوریا، بھارت اور کینیڈا جبکہ گروپ ڈی میں انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور ملائیشیا شامل ہیں۔

تبصرے بند ہیں.