ایشین کپ فٹبال 2015 یو اے ای، سعودی عرب اور بحرین نے کوالیفائی کرلیا

عرب امارات، بحرین اور سعودی عرب نے ایشین کپ 2015 کیلیے کوالیفائی کرلیا، چین نے انڈونیشیا کو ہرا کر کوالیفائنگ مہم میں زندگی پالی۔ شام نے گروپ اے میں ، ایران نے گروپ بی میں اور ازبکستان نے گروپ ای میں اپنی پوزیشنز مضبوط کرلی ہیں، آسٹریلیا، جاپان، جنوبی اور شمالی کوریا پہلے ہی 2015 فائنلز کیلیے کوالیفائی کرچکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عرب امارات، بحرین اور سعودی عرب نے جمعے کو اپنے کوالیفائنگ گروپ گیمز میں فتوحات کے ساتھ 2015 میں آسٹریلیا میںہونیوالے ایشین کپ کیلیے ٹکٹس حاصل کرلی ہیں۔ ابو ظبی میں سلیم صالح ، ولید عباس ، عمر عبدالرحمان اور اسماعیل حمادی کے گولز کی وجہ سے عرب امارات نے گروپ ای مقابلے میں ہانگ کانگ کو 4-0 سے پچھاڑا۔ ہاف ٹائم تک 2-0 کی برتری کیساتھ عرب امارات نے مسلسل چوتھے ایشین کپ میںکوالیفائی کرنے کیلیے اپنے 100 فیصد ریکارڈ کو برقرار رکھا۔ بحرین نے بھی چوتھے ٹورنامنٹ میں رسائی کیلیے مناما میں ہونیوالے میچ میں ملائیشیا کو 1-0 سے ہرادیا۔ گروپ ڈی میچ کے 72 ویں منٹ میں اسماعیل عبداللہ نے میچ کا واحد گول کیا ، جیت کے ساتھ بحرین 10 پوائنٹس کے ساتھ اپنے گروپ میں سرفہرست ہے، جبکہ دوسرے نمبر پر قطر موجود ہے جس نے العین میں یمن کو 4-1 سے شکست دی تھی۔ گذشتہ ماہ دوحا میں یمن کو 6-0 کی شکست سے دوچار کرنیوالے قطر کو میچ کے تیسرے منٹ میں ہی یوروگوئے میں پیدا ہونیوالے سباستین سوریا کے گول سے فوقیت حاصل ہوگئی تھی ، لیکن یمن نے 25 ویں منٹ میں ال ساسی کے گول پر میچ برابر کردیا تھا۔ البتہ ہونہار حسن عبدالکریم نے 31 ویں منٹ میں گول کرکے قطر کو ایک مرتبہ پھر برتری دلادی ، جس کے بعد محمد کسولا (55) اور محمد جیدو (67) نے حزیمت مکمل کردی۔

تبصرے بند ہیں.