کرکٹ آسٹریلیا کو رواں برس کے اواخر پر جوابی ایشز دورے کے موقع پر 50 ہزار برطانوی شائقین کی آمد کی توقع ہے۔ سڈنی مارننگ ہیرالڈ کے مطابق انگلینڈ اور آسٹریلیا روایتی پانچ کرکٹ مقابلوں کے اب تک تین لاکھ 30 ہزار ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں، جس میں میلبورن میں شیڈول باکسنگ ڈے کے ابتدائی دن کیلیے شائقین کی بڑی تعداد نے دلچسپی ظاہر کی ہے، 46,784 نے ٹکٹ پانے کی خواہش ظاہر کی ہے، 2006-07 کی ایشز سیریز سے آسٹریلوی اکانومی کو 317 ملین ڈالر کا فائدہ ملا تھا، سی اے اس مرتبہ ملک کیلیے زیادہ زرمبادلہ پانے کی توقع رکھتا ہے۔سی اے کے ترجمان میتھیو سیلیڈ کا کہنا ہے کہ اب تک 7 ہزار ٹور پیکجز بک ہوچکے ہیں اور ہمیں مزید ایک ہزار کی فروخت کی توقع ہے، جوابی سیریز کا آغاز 21 نومبر کو برسبین ٹیسٹ سے ہوگا، سی اے ترجمان سے اتفاق کرتے ہوئے ٹورزم آسٹریلیا کے منیجنگ ڈائریکٹر اینڈریو میک ایوے نے کہا کہ ایشز جیسے بڑے ایونٹس ملک کے سیاحتی شعبے میں ہمیشہ اچھے اثرات مرتب کرتے ہیں، حالیہ دنوں میں برٹش اینڈ آئرش لائنز رگبی ٹیم کا دورہ اور پھرانگلش فٹبال کلبز مانچسٹریونائیٹڈ اور لیورپول نے بھی آسٹریلیا میں دوستانہ میچز کھیلے ہیں، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رگبی ٹیم لائنز کے ٹور پر تقریباً 30 ہزار برطانوی شائقین نے بھی آسٹریلیا کارخ کیا تھا، جس سے اندازاً آسٹریلوی معیشت کو 137 ملین ڈالر کا فائدہ ہوا ہے جبکہ اس کے بعد انگلش فٹبال ٹیموں کی آمد سے بھی آسٹریلیا کو اضافی 16 ملین ڈالرز ملے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.