جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو گال ٹیسٹ میں 153 رنز سے ہرا دیا

سری لنکا کو 370 کا ہدف ملا پوری ٹیم 216 پر آئوٹ ،سٹین 9 وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ لے اڑے

گال)جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو گال میں‌کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں 153رنز سے شکست دے کر دو میچوں‌ کی سیریز میں‌ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے پہلی اننگز میں‌9 وکٹوں پر 455رنز سکور کئے اور اننگز ڈکلیئر کر دی ۔ایلگر نے 103 اور ڈومینی نے 100 رنز سکور کئے ۔لکمل نے 3 ،پریرا نے 4 اور ہیرتھ اور میتھیوز نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ۔سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں 292 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ تھرنگا نے 83 اور میتھیوز نے 89 رنز سکور کئے ڈیل سٹین نے پہلی اننگز میں شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5کھلاڑیوں کو پویلین واپسی کا ٹکٹ تھمایا ۔مورنی مورکل نے بھی 3 وکٹوں میں حصہ ڈالا ۔جنوبی افریقہ نے دوسری اننگز 206 رنز پر ڈکلیئر کر دی ۔ڈی ویلیئرز 51 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے ۔کوک نے 36رنز سکور کئے ۔اس طرح سری لنکا کو جیت کیلئے دوسری اننگز میں 370 رنز کا ہدف ملا لیکن اس کا کوئی بھی کھلاڑٰی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا اور پوری ٹیم 216پر واپس پویلین لوٹ گئی ۔سنگا کارا 76 رنز بنا کر کچھ دیر کریز پر کھڑے رہے ۔جے کے سلوا دوسرے قابل ذکر بلے باز تھے جنہوں نے 38 رنز بنائے ۔ہیرتھ 20 اینجلو میتھیوز 27ناٹ آئوٹ بنانے میں کامیاب ہوئے ۔ ڈیل سٹین ایک بار پھر بلے بازوں کیلئے قیامت بن کر ٹوٹ پڑے اور 4 کھلاڑیوں کا شکار کر لیا ۔ مورنی مورکل نے بھی 4کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا ۔ ڈومنی نے دو وکٹیں اپنے نام کیں ۔ڈیل سٹین کو میچ میں 9 وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا ۔ –

تبصرے بند ہیں.