جرمنی میں نمائش میں پاکستانی مصنوعات کی بھرپور پذیرائی

کراچی: جرمنی کے شہر ہینوور میں زرعی آلات اور انجینئرنگ مصنوعات کی نمائش ایگری ٹیکنیشیا 2015میں شریک پاکستانی کمپنیوںکو بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔

زرعی مشینری اور ٹریکٹر کے پرزہ جات بنانیو الی کمپنیوں نے یورپی ملکوں کو پاکستانی انجینئرنگ مصنوعات کی ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے تربیت فراہم کرنیو الے ڈچ سرکاری ادارے سی بی آئی کی رہنمائی میں شرکت کی۔ پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو موٹیو پارٹس اینڈ ایکسیسریز(پاپام) کے سینئر وائس چیئرمین مشہود علی خان کے مطابق نمائش میں شریک پاکستانی کمپنیوں کو یورپی خریداروں کی جانب سے بھرپور رسپانس ملا ہے۔ نمائش میں چین، بھارت، اٹلی اور ترکی کی مصنوعات کی موجودگی کے باوجود پاکستانی مصنوعات میں یورپی خریداروں کی دلچسپی پاکستانی کمپنیوں کی مہارت اور اعلیٰ معیار کا اعتراف ہے اور بین الاقوامی سطح پر ملنے والی پذیرائی سے پاکستانی کمپنیوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں جس کا نتیجہ ایکسپورٹ میں اضافے کی شکل میں سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ نمائش میں شرکت کو بھرپور بنانے میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے بھی فعال کردار ادا کیا۔ نمائش میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تحت خصوصی طور پر پاکستانی اسٹینڈ لگایا گیا۔

تبصرے بند ہیں.