راولپنڈی: کرکٹ کے تیز ترین بولر کا اعزاز حاصل کرنے والے شعیب اختر آج اپنی 38 ویں سالگرہ منارہے ہیں۔ شعیب اختر 13 اگست 1975 کو راولپنڈی میں پیدا ہوئے، انہیں ”راولپنڈی ایکسپریس” کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، شعیب اختر نے کرکٹ کھیلنے کی ابتد 19 سال کی عمر میں کی، انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز 1994 میں کیا جبکہ نومبر 1997میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کھیل کر بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز کیا، 1999 میں کولکتہ میں بھارت کے خلاف دو گیندوں پر بھارتی کھلاڑی راہول ڈریوڈ اور سچن ٹنڈولکر کو آؤٹ کر کے تہلکہ مچادیا، اس میچ میں شعیب اختر نے 8 وکٹیں اپنے نام کیں۔ 2003 کے عالمی کپ میں ناکامی کے بعد شعیب اختر کو ٹیم سے نکال دیا گیا اور 2004 میں ان کو ٹیم میں دوبارہ شامل کرلیا گیا،2006 میں شعیب اختر پر ممنوعہ قوت بخش ادویات کے استعمال کا الزام لگایا گیا جس کی وجہ سے اس پر کرکٹ کھیلنے کی پابندی عائد کر دی گئی جو بعد میں اٹھا لی گئی ، 2007 میں پی سی بی نے شعیب اختر پر کرکٹ بورڈ سے بدتمیزی کرنے پر 3 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا اور اسی سال دسمبر میں محمد آصف کے ساتھ جھگڑے کی بنا پر ان کو ٹیم سے نکال دیا گیا، تنازعات کی وجہ سے وہ اکثر ٹیم سے باہر نکالے جاچکے ہیں۔ شعیب اختر دنیا کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے 2003 کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف 100 میل فی گھنٹہ سے زائد کی رفتار سے گیند بازی کی، جو کہ آج تک سب سے تیز ترین گیند بازی کی رفتار ہے، شعیب اختر نے 224 میچوں میں 450 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ وہ اب تک 959 رنز بنا چکے ہیں، تاہم ورلڈ کپ 2011 کے بعد شعیب اختر نے انٹرنیشل کرکٹ کو ہمیشہ کے لئے خیر آباد کہہ دیا اور اب وہ اکثر ٹی وی اور ریئلٹی شوز میں لوگوں کی مرکز نگاہ بنے رہتے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.