توانائی بچت، کے ای ایس سی اور فلپس کے درمیان معاہدہ

کراچی: کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی نے اپنی موسمیاتی تبدیلی کی پالیسی کے تحت بجلی کی بچت اور مہارت کوفروغ دینے کے لیے ایک مشترکہ حکمت عملی کی منصوبہ بندی کی تشکیل کے مقصد کے پیش نظر فلپس پاکستان کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ کے ای یس سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نیّئر حسین اور فلپس پاکستان کے چیئر مین اور سی ای او، اسد ایس جعفر نے یادداشت پر دستخط کیے۔ اپنے پیغام میں نیّئر حسین نے کہا ’’فلپس کے ساتھ مل کر توانائی کی بچت پر مبنی طرز زندگی پیدا کرنے کے مقصد میں تعاون پائیدار ترقی کے لیے کی جانے والی ہماری کوششوں میں سے ایک قدم ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے ضمن میں ہماری مسلسل محنت سے آخر کار ایک مثبت فرق پڑے گا‘‘۔ فلپس پاکستان کے چیئرمین اور سی ای او اسد ایس جعفر نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ کے ای ایس سی کے ساتھ اشتراک سے ہماری ان کوششوں کو مزید استحکام حاصل ہوگا جو ہم ایک پائیدار ماحول اور توانائی کی بچت کی آگہی کے فروغ کے لیے کررہے ہیں۔ فلپس نے ہمیشہ ماحول کو بہتر بنانے اور لوگوں کو توانائی کی بچت کے لیے جدت طراز ’’سبز‘‘ مصنوعات منتخب کرنے کے مواقع فراہم کرنے میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.