توانائی بحران، کوریا نے نئی حکومت کو تعاون کی پیشکش کردی
کراچی: جنوبی کوریا کے سفیر چنگ یو چوئی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلیے نئی حکومت کا ہر ممکن ساتھ دیا جائیگا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافے کی بہت گنجائش ہے۔ گزشتہ روز کراچی کے مقامی ہوٹل میں ایف پی سی سی آئی اور کورین سفارتخانے کے زیر اہتمام جنوبی کوریاکی 30ویں سالگرہ کے موقع پر کوریا پاکستان بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے جنوبی کوریا کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور کوریا کے درمیان اس وقت تجارتی حجم1.6ارب ڈالر ہے جس کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوریا توانائی بحران سمیت انفرااسٹرکچر کی تعمیر میں پاکستان کی بھرپور مدد کرسکتا ہے جیسا ماضی میں جنوبی کوریا نے موٹروے کی تعمیر کیلیے بھرپور تعاون کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کوریا ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ سمیت متعدد شعبوں میں مشترکہ طور پر کام کرسکتے ہیں، پاکستان کی نئی حکومت اس ضمن میں جنوبی کوریا کی مہارت سے استفادہ کرسکتی ہے۔ آئی بی اے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عشرت حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت توانائی، امن و امان اور برآمدات میں اضافے جیسے مسائل درپیش ہیں جن سے نمٹنے کیلیے جنوبی کوریا سے مدد لی جاسکتی ہے۔ فورم سے ٹی ڈی اے پی کے سابق سربراہ طارق اکرام، جنوبی کوریا کے قونصل جنرل اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
تبصرے بند ہیں.