وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ماضی میں ترکیہ کمپنیوں کیلئے پاکستان میں کچھ مشکلات رہی ہیں، 3 سال میں ترکیہ کے ساتھ تجارتی حجم کو 5 بلین ڈالرز تک بڑھائیں گے، یقین دلاتا ہوں ترکیہ کے سرمایہ کاروں کی جانب سے شکایات کا ازالہ کریں گے۔استنبول میں ترکیہ پاکستان بزنس کونسل سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ خیرمقدم کرنے پر ترکیہ صدر طیب اردوان کا مشکور ہوں، گزشتہ روز ترکیہ صدر طیب اردوان سے خوشگوار ملاقات ہوئی ،استنبول میں گزشتہ روز کی تقریب پاک ترکیہ بہترین تعلقات کی مثال ہے، ترکیہ کے صدر سے باہمی تعلقات کے فروغ سمیت اہم امور پر بات کی، بزنس کمپنیوں کا یہ اجلاس تجارت کے فروغ کیلئے معاون ثابت ہوگا۔کچھ روز قبل ترکیہ میں جو دھماکہ ہوا اس میں جانی نقصان پر افسوس ہے، پاکستان کی طرح ترکیہ بھی دہشت گردی کا شکار ہوا، دہشت گردی کے واقعات میں ملوث لوگ انسان دوست نہیں، دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے معاشرے کے ہر طبقے نے قربانیاں دیں، دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں، ترکیہ دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی ہے، پاکستان کو ترکیہ دھماکے میں جاں بحق افرادکے لواحقین کے دکھ کا احساس ہے، پاکستان دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے ترکیہ کے ساتھ کھڑاہے۔شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ پاکستان کا دوسرا گھر ہے، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے ، پاکستان اور ترکیہ کا درد ایک ہے، دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں،پاکستان میں سیلاب آیا تو ترکیہ نے ڈاکٹرز، طبی عملہ ،امداد اور بنیادی ضروری اشیا بھیجیں،سیلاب کے دوران مشکل میں پاکستان کا ساتھ دینے پر ترکیہ کے مشکور ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ترقی کیلئے پاکستان اور ترکیہ کو مزید آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات ہیں، سرمایہ کاروں کیلئے سازگار ماحول بنائیں گے، ترکیہ سرمایہ کاروں کے تحفظات کو دور کیا جائے گا، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارت ،کاروبار اور دیگر شعبوں میں موثر تعاون ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے عوام میں بہترین پوٹینشل موجود ہے، محنت کامیابی کی کنجی ہے، دونوں ممالک کے عوام کو ترقی کیلئے محنت کرنی ہوگی،ترقی کیلئے ایمانداری ،محنت اور مستقل مزاجی سے کام کرنا ہوگا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ روس یوکرین جنگ کی وجہ سے دنیا بھر میں مہنگائی ہوئی، مہنگائی سے پاکستان کا ہر طبقہ اور ہر شعبہ متاثر ہوا، پاکستان ترکیہ کے ساتھ بہترین تعلقات کو مزید فروغ کا خواہاں ہے ،ترکیہ کے سرمایہ کاروں کو یقین دلاتے ہیں کہ انہیں پاکستان میں سازگار ماحول فراہم ہوگا۔شہباز شریف نے کہا کہ بیجنگ کی طرح ترکیہ سے بھی کچھ شکایات موصول ہوئیں جن کو فوری دور کیا جائے گا، ماضی میں ترکیہ کمپنیوں کیلئے پاکستان میں کچھ مشکلات رہی ہیں، 3 سال میں ترکیہ کے ساتھ تجارتی حجم کو 5بلین ڈالرز تک بڑھائیں گے، یقین دلاتاہوں ترکیہ کے سرمایہ کاروں کی جانب سے شکایات کا ازالہ کریں گے۔
تبصرے بند ہیں.