ترقی پذیر ممالک آپس میں تجارت بڑھائیں، نائب صدر لاہور چیمبر

لاہور: لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر میاں ابوذر شاد نے کہا ہے کہ باہمی تجارتی و معاشی تعلقات کے استحکام میں غیر ملکی ڈپلومیٹس کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہوتاہے کیونکہ وہ کسی بھی ملک کی معاشی صلاحیتوں کے بہترین عکاس ہوتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات ارجنٹائن، بنگلہ دیش، بلغاریہ، برکینا فاسو، کیمرون، چین، ایریٹیریا، ایتھوپیا، عراق، کینیا، لیسوتھو، مراکش، نائجیریا، سوڈان، تاجکستان، تنزانیہ، ترکمانستان، یمن، ماریطانیہ، ٹوگو، مالی، لائبیریا کے ڈپلومیٹس کے 30 رکنی وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہی، وفد کی سربراہی ڈائریکٹر جنرل فارن سروسز اکیڈمی خالد عثمان قمر کررہے تھے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کو آپس میں تجارت بڑھانی چاہیے جس سے ان کی معاشیات اور باہمی تعاون مستحکم ہونگے۔ انہوں نے ایشیا اور افریقہ کے درمیان تعلقات مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا اورکہا کہ پاکستان نے ابھی افریقی خطے سے خاطر خواہ فائدہ نہیں اٹھایا لہٰذا اس جانب توجہ دینا ہوگی۔ میاں ابوذر شاد نے کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی حیثیت بہترین اور یہ وسطی ایشیائی ریاستوں، افغانستان اور چین تک رسائی کا بہترین ذریعہ ہے، گوادر بندرگاہ کی ڈیولپمنٹ اور ہائی ویز کی تعمیر نے تجارتی حوالے سے پاکستان کی اہمیت میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.