بینک لین دین ٹیکس کے باعث زیر گردش کرنسی نوٹ 91 فیصد بڑھ گئے

راچی: بینکاری لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس نے بینکوں کے کھاتے خالی کردیے۔ دوسری جانب ملک میں زیر گردش نوٹوں کی مالیت میں بھی نمایاں اضافہ ہورہا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق یکم جولائی 2015سے 14اگست 2015کے دوران ملک میں زیر گردش کرنسی نوٹوں کی مالیت میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 91فیصد اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں زیر گردش نوٹوں کی مالیت میں 117ارب 57کروڑ 80لاکھ روپے کا اضافہ ہوا تھا تاہم رواں مالی سال کے دوران ودہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کی وجہ سے معیشت میں نقد لین دین بڑھنے، کھاتے داروں میں بینکوں سے رقوم نکلوانے کے بڑھتے ہوئے رجحان کی وجہ سے زیر گردش نوٹوں کی مالیت میں 225ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ یہ مالیت گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں زیر گردش نوٹوں کی مالیت سے 107ارب 42کروڑ 60لاکھ روپے زائد ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے دوران ودہولڈنگ ٹیکس کی وجہ سے زیر گردش نوٹوں کی مالیت میں گزشتہ مالی سال کے دوران اوسط ماہانہ کے تناسب سے بھی غیرمعمولی طور پر اضافہ کا رجحان ہے۔

تبصرے بند ہیں.