بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا فخرہیں،پرویز الہی

وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا فخر ہیں، سمندر پار پاکستانیوں نے ہمیشہ وطن عزیز کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی سے مسلم لیگ ق کے اوورسیز پاکستانیوں کے وفد نے ملاقات کی، وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنیوالے وفد میں مسلم لیگ ق سکاٹ لینڈ کے صدر شبیر شاہ، کینیڈا کے صدر ارجمند بخاری، طاہر بخاری اور برطانیہ کے محمد وقاص شامل تھے۔ اوورسیز پاکستانیز کے وفد نے چند روز کے اندر فلاح عامہ کے بے شمار اقدامات پر وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کے ویژن کو سراہا اور کہا کہ آپ نے آتے ہی عام آدمی کی فلاح کو اپنا مشن بنایا ہے، آپ نے اپنے پہلے دور کی طرح اب بھی برق رفتاری سے عوام کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات کئے ہیں۔چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ ہم اوورسیز پاکستانیوں کی گرانقدر خدمات کی دل سے قدر کرتے ہیں- چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے دور میں بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا- موجودہ وفاقی حکومت نے آتے ہی اوورسیز پاکستانیوں سے یہ حق چھینا۔ ہماری حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق کا ہر صورت تحفظ کرے گی۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے میرے دفتر کے دروازے کھلے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.