بہار میں بدترین شکست پر بی جے پی کے سینئر رہنما پارٹی قیادت پر پھٹ پڑے

نئی دلی: حکمران جماعت بھارتی جنتا پارٹی کی بہار میں بد ترین شکست پر اس کے رہنما بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے اورشترو گھن سنہا کے بعد اب دیگر سینئر رہنماؤں نے بھی نریندر مودی سمیت اپنی اعلیٰ قیادت کو آڑے ہاتھوں لینا شروع کردیا ہے اور تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شکست پر مکمل جائزہ لینے کا مطالبہ کردیا ہے۔

بھارتی جنتا پارٹی کے سینئر رہنماؤں ایل کے ایڈوانی، مورلی منوہر جوشی، شانتا کمار اور یشونت سنہا نے اپنے مشترکہ بیان میں دلی کے انتخابات میں شکست سے سبق نہ سیکھنے پر تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بہار میں پارٹی کی شکست کا تفصیلی جائزہ لیا جائے۔ یشونت سنہا  کے دستخط سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شکست کا جائزہ لیتے ہوئے بہار میں الیکشن مہم چلانے والے ذمہ داروں کو شامل نہ کیا جائے تاکہ شکست کا اسباب بننے والے عناصر کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔

ان رہنماؤں کا کہنا تھا کہ شکست کی اہم وجہ دلی کے انتخابات میں ناکامی سے نہ سیکھنا ہے اور مہم کا بہتر طور پر نہ چلانا تھا اس لیے ضروری ہے کہ شکست کے اسباب کا پتہ چلا کر پارٹی کو دوبارہ سے بہار میں منظم کیا جائے۔

تبصرے بند ہیں.