بھارت کے دفاعی بجٹ میں 10 فیصد اضافہ

نئی دہلی: بھارت نے اپنے دفاعی بجٹ میں 10 فیصد اضافہ کر دیا۔ بھارت کے وزیرخزانہ نے لوک سبھا میں مالی سال 2014ـ15 کا عبوری بجٹ پیش کیا۔ اس اضافے کے بعد بھارت کا دفاعی بجٹ 2240 ارب روپے پر پہنچ گیا ہے۔ تیسری اور چوتھی سہ ماہی کے دوران بھارت کی معاشی شرح نموکا ہدف 5.2 فیصد رکھا گیا ہے جبکہ خسارے کا ہدف 4.1 فیصد ہو گا۔ بھارت کے تجارتی اور مالیاتی مرکز ممبئی سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق وزیر خزانہ نے یہ عبوری بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ بجٹ میں خسارہ کم ہوا ہے۔ اس کے علاوہ منموہن سنگھ حکومت آئندہ مہینوں کے دوران اپنے اس وعدے پر عمل پیرا رہے گی کہ پبلک سیکٹر کے اخراجات کو متوازن رکھا جائے۔ اس موقع پر پی چدمبرم نے کہا کہ آج بھارتی حکومت کی مالیاتی حالت ایک سال پہلے کے مقابلے میں بہتر ہے۔ وزیر خزانہ نے یہ بھی کہا کہ ملک کی تمام سیاسی پارٹیوں کو ان کے ساتھ مل کر یہ عہد کرنا چاہیے کہ کوئی بھی جماعت یا رہنما ایسا کوئی کام نہیں کرے گا جو بھارت کے اقتصادی استحکام کو کسی بھی طرح نقصان پہنچا سکے۔ اس کے علاوہ موجودہ مالی سال کے دوران بھارت میں بجٹ کا خسارہ مجموعی قومی پیداوار کے 4.6 فیصد کے برابر رہے گا۔ بھارت میں مالی سال 31 مارچ کو اپنے اختتام کو پہنچتا ہے۔ بھارت میں اس سال مئی کے آخر تک عام انتخابات متوقع ہیں۔ موجودہ حکومت نے صرف چند مہینوں کے لیے بجٹ اس لیے تیار کیا ہے کہ اگلے مالی سال کا پورا بجٹ نئی ملکی حکومت کی ذمے داری ہو گا۔ عبوری بجٹ میں بہت امیر شہریوں پر لگائے گئے عارضی ٹیکس کی مدت بھی بڑھا دی گئی ہے۔

 

تبصرے بند ہیں.