بھارت کی پاکستان دشمن پالیسیوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا جائے گا، سرتاج عزیز

اسلام آباد: وزیر اعظم كے مشیر برائے خارجہ سرتاج عزیز نے كہا ہے كہ بھارت كی پاكستان دشمن پالیسیوں كو عالمی سطح پر بے نقاب كیا جائے گا جب کہ نریندر مودی كے پاكستان توڑنے سے متعلق بیان كا معاملہ عالمی عدالت انصاف میں  لے جانے كا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم كے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے  كہا كہ نریندر مودی نے ڈھاكا میں پاكستان توڑنے سے متعلق  جو بیان دیا تھا اس پر دفتر خارجہ نے بھرپور جواب دیا جب كہ قومی اسمبلی میں  بھی پاكستان كے خلاف بھارتی وزیراعظم  كے بیان كی مذمت كے لیے قرارداد منظور كی گئی۔ انہوں  نے كہا كہ پاكستان نے سفارتی ذرائع سے ہر سطح پر یہ معاملہ اٹھایا ہے، اقوام متحدہ كی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں وزیراعظم نے اس معاملے پر تفصیلی اظہار خیال كیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان ، كراچی اور فاٹا میں را كی مداخلت كے ثبوت ہم نے اقوام متحدہ كے سیكرٹری جنرل كو دیئے ہیں، بھارت میں  مسلمانوں  سمیت اقلیتوں كے ساتھ كیا جانے والا سلوك انسانیت كے خلاف جرم ہے جب کہ نریندر مودی كا بیان اقوام متحدہ كے چارٹر كی بھی خلاف ورزی ہے۔

مشیر خارجہ نے کہا کہ بھارت كی پاكستان دشمن پالیسیوں  كو عالمی سطح پر بے نقاب كیا جائے گا جب کہ نریندر مودی كے پاكستان توڑنے سے متعلق بیان كا معاملہ عالمی عدالت انصاف میں  لے جانے كا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج ملكی خودمختاری اور سالمیت كا بھرپور دفاع كرنے كی صلاحیت ركھتی ہیں۔

تبصرے بند ہیں.