باغ:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان نے 4 روزہ جنگ میں بھارت کو زوردار تھپڑ رسید کیا، پاکستان کو معاشی میدان میں بھی جلد فتح نصیب ہوگی۔آزاد جموں و کشمیر کے شہر ہاڑی گہل باغ میں دانش سکول کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ مئی میں بھارت سے جنگ ہوئی، ہندوستان کو 4دن کی جنگ میں افواج پاکستان نے زوردار تھپڑرسید کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امریکی صدر نے کہا پاکستان نے بھارت کے 7نئے نکور جہاز گرائے، امریکی کانگرس کی رپورٹ نے جنگ میں پاکستان کی کامیابی پر مہر ثابت کر دی، امریکی صدی متعدد بار بھارت کے طیارے گرانے کا ذکر کر چکے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو عزت سے نوازا، افواجِ پاکستان کے جوانوں کی بہادری ،شاہینوں کی شاندار کارکردگی اوربری افواج نے الفتح میزائل ہندوستان کے اندر جاکر داغے، چار روز کی جنگ میں ہندوستان کی فوج گھٹنوں کے بل گری۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی شاندار قیادت نے جنگ میں اہم کردارادا کیا، فیلڈ مارشل نے بلاخوف ہوکر میرےساتھ مشاورت کے ساتھ فیصلے کیے، ہم معاشی میدان میں بھی دن رات محنت کررہے ہیں، پاکستان کو معاشی میدان میں بھی جلد فتح نصیب ہوگی۔ان کا دانش سکول کے متعلق کہنا تھا کہ آج باغ دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھ کر خوشی ہوئی، دانش سکولوں کا سفر صوبہ پنجاب سے شروع کیا تھا، آج پورے پاکستان میں دانش گاہیں ترقی کے ساتھ پھیل رہی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ محکمہ تعلیم کو ٹاسک دیا ہے کہ 23مارچ 2026کو باغ میں دانش سکول کا افتتاح کریں گے، وادی نیلم میں بھی دانش سکول کا سنگ بنیادرکھا جائے گا، یہ وہ دانش گاہیں جن کا مقابلہ کسی بھی اچھی تعلیم گاہ سے کرلیں۔انہوں نے کہا کہ دانش سکولوں میں ڈیجیٹل لائبریریز، سمارٹ بورڈ اوربہترین کھیل کے میدان موجود ہیں، بدقسمتی سے تعمیر وترقی کے راستے بند تھے، اب تعمیروترقی کے راستے دانش گاہوں نے کھول دیئے ہیں، دانش سکولوں میں کوئی داخلہ اورتقرری میرٹ کے بغیر نہیں ہوتی، بچوں کو میرٹ پر مفت تعلیم مل رہی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آزادکشمیر کی کمیٹی اورحکومت پاکستان کے وفد کے درمیان جو فیصلے ہوئے اس پر پوری طرح عمل پیرا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم فیصل راٹھور اپنے ساتھیوں سے مل کر گورننس کا ایسا معیار بنائیں کہ پورے آزادکشمیر میں اس کی خوشبو پہنچے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کو بھی آزادی چاہئے، پاکستان سفارتی سطح پر تب تک آواز بلند کرتا رہے گا جب تک کشمیریوں کا حقوق نہیں مل جاتے۔
تبصرے بند ہیں.