بھارت کو بلاہچکچاہٹ ایم ایف این قراردیدیاجائے، زبیرملک

وفاق ایوان ہائے تجارت وصنعت پاکستان (ایف پی سی سی آئی) کے صدر زبیر احمد ملک نے کہا ہے کہ بھارت کو بلا ہچکچاہٹ پسندیدہ ملک (ایم ایف این) کا درجہ دے دیا جائے۔ تاکہ دونوں پڑوسی مل کرغربت کا خاتمہ اور ترقی کا سفر طے کر سکیں، گزشتہ دو سال میں باہمی تجارت دگنی ہو کر2.7 ارب ڈالر تک جا پہنچی ہے جسے چند اقدامات کے ذریعے 8 ارب ڈالر سالانہ تک بڑھایا جا سکتا ہے جبکہ دونوں ممالک کے سنجیدہ اقدامات کے نتیجہ میں باہمی تجارت 50 ارب ڈالر سالانہ تک بڑھائی جا سکتی ہے۔ نئی دہلی میں ایف آئی سی سی آئی کی جانب سے ’’پاک بھارت اقتصادی تعلقات: نیاسنگ میل‘‘ کے موضوع پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آزادانہ آمدورفت کے لیے ویزا پابندیاں نرم، محصولاتی و غیرمحصولاتی رکاوٹیں ختم، تیسرے ملک کے ذریعے کاروبارکے رجحان کا خاتمہ، بیوروکریسی کے مثبت رویے، درآمدی محصولات میں کمی اور انفرااسٹرکچر بہتر بنائے بغیر تجارت کا فروغ ناممکن ہے جس کے لیے دونوں جانب مصمم سیاسی ارادے کی ضرورت ہے، بھارت کو ایم ایف این کا درجہ دینے کے حوالے سے پاکستانی صنعت و زراعت کی تباہی کے خدشات بے بنیاد ہیں۔

تبصرے بند ہیں.