بھارت میں چینی اور گندم کی قیمتوں میں کمی

نئی دہلی…… بھارتی چینی اور گندم کی قیمتوں میں کمی جبکہ مکئی، سویا آئل اور زیرہ کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان رہا۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق نیشنل کموڈیٹی اینڈ ڈیری ویٹو ایکسچینج میں چینی کے ستمبر کیلئے سودے 0.13 فیصد کی کمی سے 3040 روپے فی 100 کلوگرام میںطے پائے۔ گندم کے سودے 0.06 فیصد کمی سے 1554 روپے فی 100 کلوگرام میں ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق مکئی کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور مکئی کے ستمبر کیلئے اہم سودے 0.53 فیصد کے اضافے سے 1141 روپے فی 100 کلوگرام جبکہ زیرہ کے ستمبر کیلئے اہم سودے 0.1 فیصد کے اضافے سے 11200 روپے فی 100 کلوگرام میں طے پائے۔ نیشنل کموڈیٹی اینڈ ڈیریویٹو ایکسچینج میں سویا آئل کی قیمتوں میں بھی اضافے کا رجحان دیکھا گیا جس کی وجہ آئندہ ماہ دیوالی کا تہوار ہے ۔ ماہرین کے مطابق دیوالی کے موقع پر سویا آئل کی طلب میں اضافہ ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی سویا آئل کے ستمبر کیلئے اہم سودے 0.39 فیصد کے اضافے سے 620.50 روپے فی 10 کلوگرام میں طے پائے۔

تبصرے بند ہیں.