اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے بھارت میں مسلمان مظاہرین پر ریاستی بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔سینیٹر شیری رحمان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کے خلاف مظاہرہ کرنے والے بھارتی مسلمانوں کو جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے، مودی حکومت مظاہرے کرنے پر مسلمانوں کے گھر مسمار کر رہی ہے۔ یہاں تک کہ نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں پر ریاستی تشدد میں دو مظاہرین جاں بحق ہو گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ سینکڑوں مسلمان مظاہرین کو گرفتار کر کے مقدمے درج کئے گئے ہیں، بھارت میں مسلمانوں کو نشانہ بنانے کے واقعات پر انسانی حقوق کےلئے آواز اٹھانے والے ممالک سمیت عالمی برادری کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔ شیری رحمان نے سوال اٹھایا کہ کیا تہذیب یافتہ، آزادیوں اور حقوق کے تحفظ کرنے کے دعویداروں کو نظر نہیں آ رہا کہ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ کیا سلوک ہو رہا ہے؟
تبصرے بند ہیں.